نئی دہلی،25؍جولائی(ایس او نیوز)پارلیمنٹ کاسینٹرل ہال ہندوستان کے کئی تاریخی لمحات کا گواہ رہا ہے۔اسی سینٹرل ہال میں آج ملک کے نئے صدر رام ناتھ کووند کی حلف برداری تقریب ہوئی۔چیف جسٹس آف انڈیا جے ایس کھیہر نے انہیں حلف دلایا۔صدر کی حلف برداری کے لئے جو پلیٹ فارم سجا، وہاں ایک ساتھ پانچ کرسیاں لگائی گئیں۔بائیں سے سب سے پہلے اسپیکر سمترا مہاجن، نائب صدر حامد انصاری، پرنب مکھرجی، رام ناتھ کووند اور جسٹس جے ایس کھیہر بیٹھے۔حلف لینے کے بعد روایت کے مطابق تمام لوگ اپنی جگہ بیٹھے رہے، لیکن پرنب مکھرجی اور رام ناتھ کووند کرسی کا تبادلہ کیاگیا،جس کرسی پر پرنب مکھرجی بیٹھے تھے، اس پر رام ناتھ کووند بیٹھے،بلکہ پرنب مکھرجی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے بٹھایا،پھر رام ناتھ کووند نے بطور صدر اپنی پہلی تقریر کی۔ان کی تقریر کے بعد نائب صدر حامد انصاری نے صدر کے ہندی تقریر کا انگریزی میں مختصر ترجمہ پیش کیا۔اس کے بعد نئے صدر رام ناتھ کووند کی اجازت پر ان کے صدر بننے کا اعلان ہوا،پھر قومی گیت بجا،جیسے ہی قومی گیت پورا ہوا ... سینٹرل ہال میں پہلے’بھارت ماتا کی جے‘اور پھر’جئے شری رام‘کے نعرے لگائے گئے۔انہی نعروں کے درمیان صدر رام ناتھ کووند مرکزی ہال سے باہر نکلنے کے لئے چل پڑے۔ان کے پیچھے سابق صدر پرنب مکھرجی، حامد انصاری، سمترا مہاجن تھیں۔آپ کو بتا دیں کہ ہندوستان کی پارلیمانی تاریخ میں بہت کم ہی ایسے موقع آئے ہیں جب ایسے پروگرام کے بعد ان نعروں کی گونج سنی گئی ہو۔